گلاب دیوی انٹرچینج کا افتتاح اگلے ماہ کر دیا جائے گا: ترجمان پنجاب حکومت

Published On 30 November,2021 12:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ گلاب دیوی انٹرچینج کا افتتاح اگلے ماہ کر دیا جائے گا، انڈرپاس بننے سے ٹریفک کے فلو میں بہتری آئے گی، گلاب دیوی انڈرپاس منصوبے سے قصور جانیوالی روزانہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیاں مستفید ہونگی۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی میں حکومت اہم کردار ادا کر رہی ہے، لاہو میں 3 مزید ایمرجنسی ٹراما سینٹر بنانے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برسات میں شوقین سیاستدان لانگ بوٹ پہن کر بارشی پانی میں تصاویر بنواتے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں 9 انڈر واٹر سٹوریج ٹینکس نصب کرنے کی منظوری دی ہے، انڈر واٹر سٹوریج ٹینکس بارش کا پانی محفوظ کریں گے۔

حسان خاور نے کہا کہ داتا گنج بخش فلائی اوور کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے، گنگارام میں 10 منزلہ ماں اور بچہ اسپتال کا تعمیراتی کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادی ہمیشہ اپنی تجاویز اور سفارشات دیتے رہتے ہیں، رانا شمیم صاحب کنفیوژ ہوگئے ہیں، انہیں خود بھی سمجھ نہیں آ رہی۔