لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام بارے آرڈینینس کے اجرا کے معاملے پر حکومت پنجاب کی سیاسی ٹیم نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہی سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔ ملاقات وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں کی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے ملاقات کی، سیکرٹری بلدیات نور الامین مینگل نے گزشتہ روز قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی کو مسلم لیگ ق کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام میں تحصیل کونسلز کا سسٹم لانے کے لئے دی جانے والی تجویز سے آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات نے وزیراعلی کو اتحادی مسلم لیگ ق کی جانب سے میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین کے لئے تعلیمی شرط رکھنے کی تجویز سے بھی آگاہ کیا۔
عثمان بزدار نے قائم مقام گورنر سے بات چیت کی ہدایت کر دی۔ وزیر بلدیات میاں محمود الرشید آج چودھری پرویز الہی سے ملاقات کریں گے۔ وزیر بلدیات آرڈیننس کے اجرا اور ق لیگ کی تجاویز کے معاملے پر چودھری پرویزالہی سے بات کریں گے۔ حکومت پنجاب اپنی اتحادی جماعت کے ساتھ بات چیت سے معاملہ سیاسی طور پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ قائم مقام گورنر نے گزشتہ روز بلدیاتی نظام کے لئے نئی تجاویز دے دی تھیں۔