کراچی: (دنیا نیوز) مصطفی کمال نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کرپشن میں ملوث ہے، فائلوں پر دستخط کروا کر تمام رقم لے لی جاتی ہے، سندھ میں تعلیم کا نظام تباہ ہوگیا، تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں۔
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت سکیورٹی رسک ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے لوگوں میں احساس محرومی پیدا کر رہی ہے، ایسےنظام میں سیاست ختم ہو جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے لوگ حکومت کے نہیں، ریاست کے وفادار ہیں، ریاست ہماری ہے، جسے پیپلزپارٹی خراب کر رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ چترال کے لوگوں کی ڈیمانڈ ہے کہ وہاں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشتوں میں اضافہ کیا جائے، چترال میں قومی اسمبلی کی 2 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 4 نشتیں ہوا کرتی تھیں، موجودہ حکومت کے آنے کے بعد چترال کی ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستیں کر دی گئی ہیں۔