نیب کا استعمال صرف سیاسی لوگوں پر کیا گیا:شاہد خاقان عباسی

Published On 21 November,2021 04:44 pm

لاہور:(دنیا نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا استعمال صرف سیاسی لوگوں پر کیا گیا،آج تک کسی ایک سیاستدان کونیب سے سزا نہیں ہوئی۔

معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون کے غلط استعمال سے معاشرہ خراب ہو رہا ہے،آج تک کسی ایک سیاستدان کونیب سےسزانہیں ہوئی،کسی بھی شخص پرالزام عائدکرکےگرفتارکرلیاجاتاہے جبکہ نیب کاقانون ان پراستعمال نہیں ہواجنہوں نےیہ قانون بنایاتھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کااستعمال صرف سیاسی لوگوں پرہوا،کیااس احتساب نےملک کوکچھ دیا؟میں نے3سال نیب جیل میں گزارے،قانون کےغلط استعمال سےمعاشرہ تباہی کی طرف جاتاہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی لیکچر سے چیزیں ٹھیک نہیں ہوتیں، کمزور اور بیڈگورننس معاشرے کی تباہی کا سبب بنے گی۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آج عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں مجھے مدعو کیا گیا تھا ، مجھے بتایا گیا ہے کہ کانفرنس کا اختتام ایک مفرور ملزم کی تقریر سے ہو گا، ظاہر ہے یہ ملک اور آئین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے ،اس لئے میں نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔