انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کیلئے ضروری ہے: وزیراعظم

Published On 10 November,2021 03:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون سازی ذاتی یا سیاسی فوائد کے لیے نہیں کر رہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کے لیے ضروری ہے، ہمارا مقصد تھا کہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں۔

 وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آکر لوگ اپنی ذات کیلئے کام کرتے ہیں، میں ملک کو بدلنے کیلئے سیاست میں آیا تھا، سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا تھا، قائداعظم کا خواب تھا پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، آپؐ تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے، اخلاقیات ختم ہونے پر کرپشن شروع ہوتی ہے، جو قوم انصاف نہیں کرسکتی وہ تباہ ہو جاتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جرمنی اور جاپان کی اخلاقیات آج بھی قائم ہیں، ہم نے 4 حلقے کھولنے کا کہا تھا، 4 حلقے کھلوائے، چاروں میں دھاندلی نکلی، 1970 کے بعد تمام انتخابات متنازعہ رہے، سب کو پتا ہے سینیٹ الیکشن میں کیا ہوتا ہے، سینیٹ الیکشن میں پیسے لینے کی ویڈیوز دکھائی گئیں، ویڈیوز میں سینیٹ ارکان بیگز میں نوٹ ڈالتے دکھائے گئے، ہم نے کہا سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ ہونا چاہیئے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ ظہرانے میں ق لیگ، ایم کیو ایم، جی ڈے اے کے ارکان بھی شریک ہوئے۔ ارکان کو کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔