لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب ! مہنگائی، معاشی تباہی، بے روزگاری کے ذمہ دار ہیں، آپ کا استعفیٰ ہی سب بڑا ریلیف پیکج ہے، جو عوامی مشکلات میں کمی اور آسانیاں پیدا کرے گا۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ مہنگائی، معاشی تباہی، بے روزگاری کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، جن کی پہلی اور آخری ترجیح جھوٹ، دھوکہ اور قوم کی زندگی کو عذاب بنانا ہے، بہتر ہے قوم سے خطاب کر کے جھوٹوں میں اور اضافہ نہ کریں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی تکالیف کا تدارک عمران خان کی پہلی ترجیح ہے، وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے، وزیراعظم قوم سے خطاب میں ملکی تاریخ کے بڑے عوامی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے، یہ پیکج عوام کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔