سکھر: رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کی رہائی ایک دن تاخیر کا شکار

Published On 22 October,2021 03:40 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی رہائی مزید ایک روز کے لیے کھٹائی میں پڑگئی۔ صاحبزادے کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کرا دیئے گئے۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی سپریم کورٹ سے ضمانت کے باوجود رہائی ایک روز کے لیے کھٹائی میں پڑ گئی۔ خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے آج صبح سکھر کی احتساب عدالت پہنچ کر ضمانت کے لیے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرائے تاہم ان کی رہائی کا آرڈر جاری نہ ہوسکا۔
خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ایک کروڑ کے مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرا دیئے، تاہم ان کی ضمانت کے آرڈرز کی سپریم کورٹ سے تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت نے ان کے والد کے رہائی کے آرڈر جاری نہیں کیے، امید ہے کل ان کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔

واضح رہے سپریم کورٹ نے گذشتہ روز پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔