اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے توانائی بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے نیپرا رپورٹ کو حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا۔
وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تین وفاقی وزراء کی تبدیلی اور چار معاونین خصوصی کے مستعفی ہونے کے باوجود توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔ بولے نیپرا رپورٹ کے مطابق ایل این جی کے دیر سے سودے ہونے کی وجہ سے قوم کو مہنگی بجلی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، حکومت فرنس آئل سے بجلی بنا کر اپنے اے ٹی ایم کی جیبوں کو بھر رہی ہے۔
امتیاز شیخ نے کہا نیپرا نے اپنی رپورٹ میں واضح کر دیا ہے کہ حکومت ایل این جی کی بجائے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اپنی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کے بجائے نیپرا رپورٹ کو مسترد کر رہے ہیں۔
امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل غلط فیصلوں کی وجہ سے گرمیوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب قوم کو بھگتنا پڑا۔ سردیوں میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔