راولپنڈی: (دنیا نیوز) ایرانی چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی آمدپرگارڈآف آنر پیش کیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی،علاقائی اور سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خطے کی افغانستان کے تناظر میں صورتحال اورانسداددہشتگردی امورپرگفتگو کی گئی۔ جبکہ باہمی فوجی رابطوں کو مزید فروغ اور وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور امن کی سرحد قرار دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل قدرہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایرانی چیف کےدورےسےدفاعی تعاون کانیاباب شروع ہوگا، دونوں ممالک کا قومی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف ہے، دونوں ممالک میں فوجی، سٹریٹیجک تعاون کی ضرورت ہے۔