پاکستان، ایران کو افغانستان میں پائیدار امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں: شیخ رشید

Published On 12 October,2021 08:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کو افغانستان میں پائیدار امن کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔

شیخ رشید احمد سے ایران کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی، ایران پارلیمانی وفد کی سربراہی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر احمد امیر آبادی فرحانی نے کی۔ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں دہشت گردی اورغیر قانونی انسانی نقل وحمل پر قابو پانے کے لئے تجاویزپرتبادلہ خیال کیا گیا، افغانستان میں مستحکم حکومت اور پائیدار امن کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے ارکان پارلیمان اور متعلقہ وزارتوں کے مابین روابط بڑھانے پر زور دیا گیا اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر موثرعملدرآمد کے لئے خصوصی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اورکشمیر پر ایرانی حکومت اورعوام کے موقف کے معترف ہیں، پاکستان اور ایران کو افغانستان میں پائیدار امن کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں، افغانستان میں پائیدار امن پورے خطے کی ترقی اور امن لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ ایران جانے والے زائرین کے لئے سفری اور امیگریشن سہولیات کو مزید بہتر کرینگے۔

ڈاکٹر احمد امیر آبادی فرحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید وسعت آئیگی۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے درمیان اتحاد سے ہی صیہونی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ہرنائی

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان زلرلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔ عظیم سائینسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ان کی گراں قدرخدامات ہیں۔