مسلح افواج کی قیادت کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس

Published On 10 October,2021 12:45 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قدیر نے دفاع پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر کے درجات بلند کرے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی ڈاکٹر خان کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔

واضح رہے کہ نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر آج صبح خالق حقیقی سے جا ملے، ان کی وفات پر پوری قوم سوگ میں ڈوب گئی، قومی پرچم کو سرنگوں کر دیا گیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی تمام اہم شخصیات نے بھی معروف ایٹمی سائنسدان کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کا ڈاکٹر عبدالقدیر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار

ڈاکٹر خان کو پورے قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ انہوں نے 1998 میں ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر ریاست بنا دیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔