لاہور: (دنیا نیوز) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر کپتان بابر اعظم سمیت سپر اسٹار اور لیجنڈری کرکٹر بھی افسردہ نظر آئے، مرحوم کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا اظہار کیا۔
ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر کرکٹر بھی غمزدہ، قومی کپتان بابر اعظم نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی زندگی ملک کی خدمت میں گزاری، لکھا کہ مرحوم کی خدمات سے ہم مضبوط قوم بنے، ہمیں اس پر فخر ہے۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، عظیم سائنسدان کی ایٹمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی ورچوئل پریس کانفرنس کا آغاز ہی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہار افسوس سے کیا، انہیں عظیم قومی ہیرو قرار دیا۔
قومی ویمن کرکٹر ندا ڈار نے بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کو قومی سانحہ قرار دیا، سابق کپتان راشد لطیف نے بھی تعزیتی ٹویٹ کیا، انہوں نے ایٹمی سائنسدان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے بھی محسن پاکستان کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا بھی کی۔ فاسٹ بولر عمید آصف اور عبدالروف نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام شیئر کیا۔