ملتان: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بد ترین انتقام کے باوجود کسی ادارے سے لڑائی نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر ملک کی سمت کا تعین کرنا چاہیے، نئے پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا، پنڈروا پیپرز کی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں۔
قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہترین سڑکیں تعمیر کرائیں، جنوبی پنجاب میں کڈنی سینٹر، اسپتال اور کارڈیالوجی یونٹس بنائے، آج جنوبی پنجاب کا کوئی پرسان حال نہیں، 100 دن میں جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ لگایا تھا وہ کہاں گیا ؟ جنوبی پنجاب کے عوام کو سیکرٹریٹ کا جھانسہ دیا گیا، صوبہ سیکرٹریٹ سے نہیں بلکہ ترمیم سے بنتا ہے، عمران خان جنوبی پنجاب کی محرومیوں کوختم نہ کرسکے، کاش عمران خان انتقام کے بجائے کام پر توجہ دیتے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی میثاق معیشت کی بات کا مذاق اڑایا گیا، آئیں سب جماعتیں مل کر ملک کا سوچیں، دشمن باہر بیٹھ کر سازشیں کر رہا ہے، کھیل تماشہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 2 سال جیل میں رکھا گیا، منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے، مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا، مسلم لیگ ن نے بدترین سیاسی انتقام کا سامنا کیا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ 2018 میں 52 روپے والی چینی آج 110 روپے فی کلو ہوگئی، کیا یوریا کھاد کی بوری کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوا ؟ 3 سال میں ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ ہوا، کہاں گئے وہ 200 ارب ڈالر جو بیرون ملک سے آنے تھے، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر جو غریبوں کو دینے تھے۔