لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون نے پنڈورا پیپرز کے لئے حکومتی تحقیقاتی سیل مسترد کر دیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلے استعفٰی پھر تحقیقات کا ڈرامہ کریں۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پنڈورا پیپرز کی تحقیقات عمران خان کے ہوتے ہوئے نہیں ہو سکتیں، یہ کرپشن پکڑنے نہیں بلکہ آف شور کابینہ اور کرپٹ مافیا کو بچانے کا ہتھکنڈا ہے، عمران صاحب سرپرستی کرتے ہوئے مافیا کو ایک اور این آر او دیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اگر اے ٹی ایمز پکڑے گئے تو عمران صاحب کا کیا ہوگا، قوم کے ساتھ ایک اور بھونڈا مذاق کیا جا رہا ہے، آف شور کمپنیوں کے مالک عمران خان مافیاز اور چوروں کی رکھوالی کرتے آئے ہیں، وہ آٹا، چینی، قرض، بجلی، گیس، پٹرول، دوائی، رنگ روڈ سمیت لاتعداد کمشن بنانے اور نام نہاد تحقیقات کرانے کے بعد این آر او آف شور وزیروں و مشیروں کو دیتے ہیں۔