لاہور: (دنیا نیوز) مون سون کا آخری سپیل، شہر میں صبح سویرے موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔ بارش سے لیسکو کے 180 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
لاہور میں صبح سویرے بادل برس پڑے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، فرخ آباد، چوبرجی، مزنگ میں بادل جم کر برسے۔ حاجی کیمپ، تاج پورہ سکیم،موہنی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 96 ملی میٹر ریکارڈ، لکشمی چوک میں 81 ، تاج پورہ میں 79، ایئر پورٹ پر 75 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ فلیمنگ روڈ، ریلوے روڈ اور برانڈرتھ روڈ ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ ڈیوس روڈ اور جین مندر کا علاقہ بھی بارشی پانی میں ڈب گیا۔ لیسکو کے 180 زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے اور متعدد علاقے بجلی سے محروم رہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔