لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے، خود کشی بھی نہیں کی لیکن عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا، مہنگائی کے بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا، ایک طرف ڈالر بے قابو ہے جبکہ دوسری طرف ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا، یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سیز باغ دکھاتے رہے، اب مسلسل مہنگائی سے قوم کا تیل نکال رہے ہیں، ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جاسکتا ہے، پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی، بجلی، گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے، حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا، عوام کی بس ہوچکی، یہ ظلم مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں، قوم پر رحم کیا جائے۔