اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ لیگی دور میں سی پیک منصوبوں کے تحت سڑکیں بنیں، ہمارے منصوبوں کو متنازعہ بنا کر قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے، ہر پراجیکٹ کی لاگت اور مکمل ہونے میں فرق ہوتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپ سی پیک کیخلاف دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، قوم کی نظر میں منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، چین کے منصوبوں پر حکمران الزامات لگا رہے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں ماضی میں سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن ہوئی، عمران خان سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کی نشاندہی کریں۔ انہوں نےکہا کہ حکومت نے بجلی کے نرخ میں 3 گنا اضافہ کیا۔
ادھر لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ لانگ مارچ کیلئے پہلے بھی تیار تھی، پیپلزپارٹی نے ساتھ نہیں دیا، پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، مہنگائی قابو میں نہیں آ رہی، مزید بڑھتی جا رہی ہے، پاکستان پر آنیوالی مشکلات کی سزا عوام کو بھگتنا پڑے گی۔