پاکستان کے 131 صفحات کے ڈوزیئر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا

Published On 27 September,2021 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے 131 صفحات کے اجراء کردہ ڈوزیئر نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی وحشیانہ بربریت پر ڈوزیئر کے اجراء کے معاملے پر پاکستان کے جارحانہ سفارتی اقدام کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ عالمی برادری بھارتی جنگی جرائم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، نسل کشی و قتل عام پر ششدر رہ گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے 131 صفحات کے اجراء کردہ ڈوزیئر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا۔ بھارت کو سفارتی سطح پر ڈوزیئر کی اثرات زائل کرنے میں بری طرح ناکامی کا سامنا ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل ڈوزیئر سے متعلق کئی امور پر متحرک ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت کو کئی سوال بھیجے ہیں، بھارت کی مودی سرکار نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا، برطانوی ایوان نمائندگان، یورپین پارلیمان، امریکی کانگریس اور متعلقہ کمیٹیوں میں ڈوزیئر کی بازگشت سنائی دی جانے لگی۔

ذرائع کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے بھی ڈوزیئر کو انتہائی سنجیدہ لیا، اسلامی تعاون تنظیم رابطہ گروپ برائے کشمیر نے بھارتی وحشیانہ مظالم پر نئی دہلی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے ڈوزیئر 70 سے زائد ممالک کے سفارتی مشنز کو فراہم کیا، پاکستان میں متعین تمام غیرملکی سفراء، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں کو جامع بریفنگ دی گئیں، بیرون ممالک پاکستانی مشنز نے ڈوزیئر متعلقہ حکومتوں کے سپرد کیا، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل، دیگر قیادت، رکن ممالک کے مستقل مندوبین کو بھی ڈوزیئر سپرد کر دیا گیا۔