لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے پر عدالت نے وزیراعظم اور لیگی صدر کو عدالت طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ شہبازشریف نے ہتک عزت کے دعوے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے پانامالیکس پر چپ رہنے کے لیے رقم آفر کرنے کا بے بنیاد الزام لگایا، عمران خان کے الزام سے میری ساکھ متاثر ہوئی۔
لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت کے بعد تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہےکہ عمران خان کے وکلا نے کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست واپس لے لیں جب کہ عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر تمام متفرق درخواستیں بھی نمٹا دیں۔
عدالت نے کہا ہے کہ کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آئندہ چھوٹی تاریخیں دی جائیں گی جب کہ کارروائی کے لیے شہباز شریف اور عمران خان 6 اکتوبر کو وکلا کے ہمراہ پیش ہوں۔
عدالتی حکم کے مطابق کیس کی مزید کارروائی 6 اکتوبر کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔