لاہور کی بہتری پر خصوصی توجہ اور سڑکوں کی مرمت کی جائے: وزیراعظم کی ہدایت

Published On 15 September,2021 05:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں، سڑکوں کی مرمت کی جائے، شہر کو کنکریٹ کا جنگل نہیں بنانا، باغوں کا شہر بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا محمود الرشید ، میاں اسلم اقبال، ڈاکر مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اسد کھوکھر سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایل ڈی اے کی جانب سے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں، لاہور کی تزئین و آرائش اور خوبصورت بنانے کے لیے جاری منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبوں کو ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گنگا رام میں مدَر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو جون 2022ء میں فعال کر دیا جائے گا، وزیراعظم کو لاہور میں نئے اسپتالوں کے قیام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ لاہور میں پارکوں کی تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے۔ لاہور باغات کا شہر مشہور تھا اسے دوبارہ باغات کا شہر بنائیں۔ لاہور کو کنکریٹ کا جنگل نہیں بنانا۔ باغوں کا شہر بنایا جائے۔ لاہور کو سر سبز بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں، درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں، ماحولیات کے کیلئے درخت لگانا بہت ضروری ہے۔ سکولوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ لاہور کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں ، سڑکوں کی مرمت۔ کی جائے۔