اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سمری تیار کر لی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہو گا، وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی، کابینہ کو 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیئرمین اور ارکان کے معاوضوں پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔
ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ہے، وفاقی کابینہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری پر فیصلہ کرے گی۔
وفاقی کابینہ نئی رویت ہلال کمیٹی کے لیے قانون سازی کی منظوری دے گی، کابینہ ہیوی کمرشل گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز کم کرنے کی منظوری دے گی۔ 14 اگست 2021 کو ایف بی آر ڈیٹا پر سائبر حملے کے تناظر میں آپریشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کابینہ پینل سرچارج کے خاتمے کی منظوری دے گی۔ ممبر نادرا کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی، قائداعظم فاؤنڈیشن ایکٹ 2021 کی منظوری دی جائے گی۔ بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ایمرگرینٹس پروٹیکٹر کے تبادلے کی منظوری کابینہ ایجنڈہ میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے گی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔