اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ ز کے انتخابات میں فوج تعینات کرنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی۔ سیکیورٹی کے لئے رینجرز، ایف سی، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت اجلاس میں تحریک انصاف کی درخواست پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات میں سیکیورٹی کے لئے بہترین انتظامات کیے جا چکے ہیں، سیکیورٹی کے لئے رینجرز، ایف سی، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی، اس لئے فوج تعینات کرنے کی ضرورت نہیں۔ الیکشن کمیشن نے پولیس، ایف سی اور رینجرز حکام کو الیکشنز میں بھاری نفری تعینات کرنے کی ہدایت کر دی جب کہ تحریک انصاف کو بھی فیصلے سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے آزادانہ و شفاف انعقاد کے لئے تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر سے ذیلی تنظیمیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کی جزئیات سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں، ماضی کے تجربے سے ثابت ہے کہ فوج کو سیکورٹی پر مامور کئے بغیر کروائے جانے والے انتخابات شکوک و شبہات کی زد میں رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی عدم موجودگی میں دھاندلی کے راستے کھلے ہیں، مقامی سیاسی کھلاڑی جعلی ووٹوں سے لیکر نتائج میں خرد برد تک انتخابات میں دھاندلی کا سہارا لے سکتے ہیں، ہماری سوچی سمجھی رائے یہی ہے کہ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے فوج سے معاونت حاصل کی جائے۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کا کہنا تھا امن و امان کا ماحول قائم رکھنے کیلئے فوج کے جوانوں کو پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے، موجودہ حالات میں جمہوریت کو دھاندلی اور تشدد سے پاک رکھنا اور بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے۔