پی ڈی ایم کی سیاست سے حکومت کوزیادہ فائدہ پہنچ رہا ہے، بلاول بھٹو

Published On 30 August,2021 06:04 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست سے حکومت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اگر ہمارے طریقہ کار پر چلتے تو زیادہ کامیاب ہوتے۔

سکھر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جلسے کو ناکام اور کامیاب نہیں کہہ سکتا، جلسے بارے میڈیا زیادہ بہتر بتا سکتا ہے، شاید جلسہ زیادہ کامیاب ہوتا اگر خواتین کو آنے کی اجازت دیتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو حقوق دیئے ہیں۔ ایسی سوچ اسلام سے پہلے تھی جو خواتین کو معاشرے میں جگہ نہیں دینا چاہتے۔ کوئی بھی معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ شاید یہ وجہ ہوگی کہ ان کے جلسے کو کراچی والوں نے مسترد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ باجوڑ فائرنگ میں پاکستان کے فوجیوں کو شہید کیا گیا، اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم سے برداشت نہیں ہوگا کہ کوئی ہماری فوج پر حملہ کرے۔ طالبان کو یقینی بنانا ہوگا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کو منتخب کرا کے ہم نے ایک طریقہ کار بتا دیا تھا، اگر باقی جماعتیں ہماری بات مان لیتیں تو پہلے پنجاب اور پھر وفاقی حکومت کو گھر بھیجتے۔ اپوزیشن غیر سنجیدہ ہے۔ آج بھی اپنے دوستوں کو کہتے ہیں کہ آپ کو حکومت کو ہٹانے کا راستہ دکھا دیا تھا۔