وزیر خارجہ کا یوکرینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ پاکستان کی دعوت

Published On 10 August,2021 10:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے یوکرینی ہم منصب دمترو کولیبا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیر خارجہ نے انھیں دوبارہ پاکستان کی دعوت دی۔

دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، یوکرائن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان، وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کا متمنی ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور یوکرائن کے درمیان زیر تکمیل معاہدوں کو جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوکرائن کے وزیر خارجہ دمترو کولیبا کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔