الیکشن کمیشن: خیبرپختونخوا حکومت کی مارچ 2022ء میں بلدیاتی انتخابات کی تجویز مسترد

Published On 10 August,2021 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے خیبر پختونخواہ حکومت کی مارچ 2022ء میں بلدیاتی انتخابات کی تجویز مسترد کردی۔

سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ میں حلقہ بندی کا کام مکمل کر لیا ہے، لہذا صوبائی حکومت کی مارچ 2022ء میں الیکشن کے انعقاد کی تجویز ناقابل قبول ہے۔ بلوچستان حکومت بھی ایک ماہ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل کرے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے یہ بات ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پر غور کیا گیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ حلقہ بندی کمیٹیاں اور حلقہ بندی اتھارٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بلوچستان حکومت کی طرف سے لوکل کونسلز کی تعداد اور نام نہیں دیئے گئے، اس وجہ سے صوبے میں حلقہ بندیوں کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ الیکشن کمیشن سفارشات کی روشنی میں متعلقہ قوانین میں ترامیم بھی نہیں کی جا سکیں جو الیکشن کے انعقاد کیلئے ضروری ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مطلوبہ کام بروقت مکمل نہ ہوا تو چیف سیکرٹری بلوچستان کو طلب کریں گے۔ خیبر پختونخوا میں حلقہ بندی کا کام مکمل کر لیا ہے، لہذا صوبائی حکومت کی مارچ 2022ء میں الیکشن کے انعقاد کی تجویز ناقابل قبول ہے۔ الیکشن کمیشن کو صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔