آزاد کشمیر الیکشن سرگرمیاں عروج پر، عمران خان اور مریم نواز کے خطاب شیڈول

Published On 18 July,2021 10:09 am

مٖظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں انتخابی مہم زوروں پر ہے،تحریک انصاف کا آج بھمبر اور میر پور میں پاور شو، نون لیگ ضلع باغ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان اور مریم نواز جلسوں سے خطاب کریں گے۔

آزاد کشمیر میں سیاسی پارہ ہائی ،مخالفین کی ایک دوسرے پر چڑھائی، تحریک انصاف کا آج بھمبر اور میر پور میں پاور شو ہو گا، جلسوں کے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، وزیراعظم عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کا خطاب شیڈول ہے۔ اُدھر نون لیگ آج ضلع باغ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔

آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں 25 جولائی کو پولنگ ہوگی۔ ن لیگ ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ تحریک انصاف کے سب سے زیادہ 45 امیدوار میدان میں ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے 44 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے 41 امیدوار بھی انتخابی معرکے میں شریک ہیں۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لیے خیبر پختونخوا میں بھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، انتخابات میں مجموعی طور پر 7ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقہ ایل اے 45 کے لئے41 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 7مردانہ، خواتین کے لئے 9 اور مشترکہ طورپر25پولنگ اسٹیشن شامل ہیں، حلقہ میں 3ہزار 860 مرد اور 3ہزار91 خواتین ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

حلقہ ایل اے 39 جموں میں7مردانہ، خواتین کے لئے 10اور 13مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، حلقہ میں خیبرپختونخوا سے 263 مرد اور 242 خواتین ووٹ کا استعمال کریں گے۔ ایل اے 45میں احمد مشاہد مشتاق، عبدالماجدخان، عبدالناصر خان اور نورالباری مدمقابل ہونگے جبکہ حلقہ ایل اے 39 جموں میں 13 امیدوار حصہ لے رہے ہیں،الیکشن 25 جولائی کو ہوگا۔