اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) نے سندھ میں 9 اگست کو لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا لاک ڈاؤن کے تناظر میں 8 اگست تک سرکاری اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت سندھ حکومت کے ماتحت تمام سرکاری دفاتر 31 جولائی سے 8 اگست تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
این سی او سی کا کراچی میں مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں اسد عمر، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے شرکت کی، اجلاس میں این سی او سی حکام اور سندھ حکومت کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں سندھ خصوصا کراچی کی کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، این سی او سی اجلاس میں مزید کوروآرڈینشن بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ ہوا کہ لاک ڈاؤن ختم کردیا جائے گا، تاہم کورونا کی زیادہ شرح والےعلاقوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد سخت کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے ۔
صونے میں سکولز کھولنے اور امتحانات لینے کا فیصلہ صوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں ہوگا، اجلاس میں سندھ میں ویکسی نیشن کی شرح کو بھی سراہاگیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محرم اور لاک ڈاوٴن ختم ہونے کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور کورونا پر قابو پانے کے لیے سمارٹ لاک ڈاوٴن لگایا جائے گا، جب کہ کراچی، حیدر آباد سمیت 13 شہریوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔