اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈہ گردی جاری ہے۔ اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا روئیں گے ،گلگت بلتستان میں بھی انہوں نے شکست کو دیکھتے ہوئے دھاندلی کا رونا رونا شروع کر دیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی یہ بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے ، مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسماعیل گجر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کے بھارت کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈاگردی جاری ہے ،اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اس وقت تک مختلف واقعات میں پی ٹی آئی کے سات کارکن زخمی بھی ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو چوہدری یاسین کے بیٹے نے خود فائرنگ کرکے شہید کیا، چوہدری یاسین کے بیٹے نے اپنی فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے۔ ا
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں،ہم صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی غنڈہ گردی سے بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔