اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عید کی خوشیاں سب کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت ہے، عید کے پرمسرت موقع پر بیماروں کو یاد رکھیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے موقع پر پمز ہسپتال کا دورہ کیا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں ۔
صدر مملکت کو ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت اور بیگم ثمینہ عارف علوی نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔ صدر مملکت بچوں کے خصوصی وارڈز میں گئے، بچوں کی عیادت کی، والدین سے ملے۔
صدر مملکت نے دیگر مریضوں کی عیادت، جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ صدر مملکت نے ہسپتال میں انتظامات پر اظہارِ اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیاں سب کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت ہے، عید کے پرمسرت موقع پر بیماروں کو یاد رکھیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔