اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دے دیا جبکہ جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کے ظلم کا آج ایک اور ریکارڈ ٹائم کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ میں نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ یہ حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اس جانب ایک اور قدم ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نااہل حکومت کی جانب سے عوام کو عید کا تحفہ مہنگے پٹرول کی صورت میں دے دیا گیا ہے۔ لگتا ہے حکومت کا پوری قوم کو احساس پروگرام میں بھیک مانگنے پر مجبور کرنے کا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ارسطو اب قوم کے وزیر ہیں جو 65 روپے پٹرول پر سابقہ حکومتوں پر تنقید کیا کرتے تھے۔ نااہل حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے بال بچے باہر پل رہے ہیں، ان کا اپنا گزارہ لاکھوں میں نہیں ہوتا تو مزدور اور ملازم کا اتنی مہنگائی میں کیسے گزارا ہوگا؟
ادھر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ خان صاحب! آپ تو کہتے تھے اس سال عوام کو ریلیف ملے گا، کیا یہ ہے ریلیف کہ پٹرول کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے اضافہ کر دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بار بار عوام کو تکلیف سے دوچار کر رہی ہے، یہ پہلے زیادہ قیمت کا پروپوزل بھیجتے ہیں پھر کچھ اضافے کے بعد کہتے ہیں، واہ کپتان! نے ریلیف دے دیا، اب بھی پروپوزل زیادہ دے کر 5 روپے 40 پیسے اضافہ کر دیا۔