کورونا کیسز، سندھ حکومت کا تعلیمی ادارے، پارکس اور ہوٹل بند کرنے کا فیصلہ

Published On 14 July,2021 01:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب سکولوں سمیت تعلیمی ادارے ، عوامی پارکس اور ہوٹل جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی کوویڈ ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری صحت کاظم جتوئی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سندھ میں نئے کیسز کی شرح بڑھ کر 7.4 فیصد ہو گئی ہے جو خطرناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز 16262 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1201 افراد کورونا سے متاثر نکلے۔

اجلاس میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور دوبارہ پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اسکول اور تمام تعلیمی ادارے جمعہ سے اور انڈور ڈائننگ کو کل رات سے بند کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے، کینجھرجھیل بھی جمعہ سے بند کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سینما ، انڈور جمز اور انڈور کھیلوں پر بھی پابندی ہو گی۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 621 تک پہنچ چکی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 642 ہے۔