سوات: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم پر ہم سب اکھٹے ہیں۔
سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 2015ء تک ملک میں بیس، بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن نواز شریف نے اقتدار میں آ کر ملک سے اندھیروں کو ختم کیا۔ وہ اضافی بجلی پیدا کر کے گئے تھے
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ میں سستی بجلی لاؤں گا، انہوں نے خیبر پختونخوا میں 350 ڈیم بنانے کا کہا تھا لیکن اس کے برعکس انہوں نے لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی۔ اس نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان ہی بہتر تھا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے دوبارہ اقتدار میں آںے کا موقع دیا تو خیبر پختونخوا کو ترقی میں آگے لے کر جائیں گے اور پورے ملک کیلئے ایک مثالی صوبہ بنائیں گے۔