ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے، صورتحال بگڑی تو پاکستان متاثر ہوگا، ہم افغان مہاجرین کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں گرے لسٹ میں گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے فیٹف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل کیا۔ اس کے 27 میں سے 26 اہداف پر عملدرآمد ہو چکا ہے، اب پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی افواج کے انخلا کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ تاہم وہاں بڑھتی کشیدگی تشویش کا باعث ہے، صورتحال بگڑی تو پاکستان متاثر ہوگا، 30 لاکھ مہاجرین پاکستان میں ہیں، مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔
اس سے قبل جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورہ اور بعد ازاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ازالے کا آغاز ثابت ہوگا۔ وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں ترقی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے اور حکومت عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی کیونکہ علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے۔ ترقیاتی فنڈز منصوبوں پرخرچ کرنے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔