کراچی: (دنیا نیوز) ویکسین کی قلت کے سبب سندھ بھر میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز آج بند ہیں، پنجاب میں آج ہفتہ وار چھٹی ہے۔ آج رات سے صوبے کو ویکسین کی وافر فراہمی کا آغاز ہو گا۔
کورونا ویکسین کی قلت سے شہری پریشان، سندھ بھر میں آج ویکسی نیشن سینٹرز بند ہیں، پنجاب میں ہفتہ وار چھٹی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق آج رات سے صوبوں کو ویکسین کی نئی خوراکوں کی فراہمی کا پلان ہے۔
دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ 15 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 10 دن میں مزید 50 لاکھ ڈوزز ملیں گی۔ گزشتہ ہفتے روزانہ 3 لاکھ 32 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، آئندہ ہفتے مزید ریکارڈ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا کے سبب گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 37 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار 977 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز مزید ایک ہزار پچاس افراد وبا میں مبتلا ہوئے۔ 24 گھنٹےکے دوران 41 ہزار 65 کوروناٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ پانچ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔