وزیراعلیٰ سندھ بے اختیار، اہم فیصلے بلاول ہاؤس میں ہوتے ہیں: فواد چودھری

Published On 13 June,2021 01:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ بے اختیار ہیں، اہم فیصلے وزیراعلیٰ ہاؤس نہیں، بلاول ہاؤس میں ہوتےہیں۔ گورنرراج کی آئین میں گنجائش نہیں، رواں سال سندھ کواین ایف سی ایوارڈسے 750 ارب ملیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ سمیت صوبوں کو نیشنل فنانس کمیشن کے ذریعے پیسہ آتا ہے اس کے باوجود سندھ میں تعصب پھیلایا جاتا ہے، صوبے کو این ایف سی کی مدمیں ملنے والا پیسہ کہاں جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو 500 میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کی گنجائش نہیں، سندھ حکومت نے پولیس موبائلز صرف پروٹوکول کیلئے رکھی ہیں، سندھ پولیس میں جرائم سے نمٹنے کی اہلیت نہیں۔ وفاق سے بدین اور گھوٹکی کیلئے اسپیشل فنڈز لیے جاتے ہیں، لاڑکانہ میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ صحت کا نظام تباہ ہو چکا، من پسند ٹھیکہ داروں کو ٹھیکے دے کر کب تک سندھ کو چلایا جائے گا۔ سب سےزیادہ پلی بارگین کے کیسز سندھ کے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کہتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی مسائل کاعلم نہیں، آج کل نوازشریف، اسحاق ڈار، حسن نواز بھی اوور سیز پاکستانی ہیں۔ ن لیگ نےآنکھیں بند کر کےانتخابی اصلاحات کو مسترد کیا، اوورسیزپاکستانی ملک سے پیسہ نہیں لےکر جاتے بلکہ باہر سے بھیجتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سال گندم، چاول اور مکئی کی ریکارڈ فصل ہوئی، موبائل ڈیٹا اور کالز پر ٹیکس کو مسترد کر دیا گیا، حکومت نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمت میں بھی کمی کی۔