بجٹ کو ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے سراہا: فواد چودھری

Published On 12 June,2021 10:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ بجٹ کو ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے سراہا، اپوزیشن نے اب تک بجٹ پڑھنے کی بھی زحمت نہیں کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ حسب معمول غیرذمہ دارانہ رہا، ایسی غیر سنجیدہ اپوزیشن سے عوام کیا توقع کرسکتی ہے، اگلے 7 سال بھی یہ لوگ ایسے ہی بینر اٹھائے کھڑے ملیں گے۔

 دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نئے بجٹ کو عوام کے لیے بہترین قرار دیا۔ انہوں نے عوام دوست بجٹ بنانے پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ شوکت ترین اور پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم بڑے چیلجز کے باوجود پرعزم رہے کہ وہ فلاح و بہبود کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کریں، اس بجٹ میں رہائش، بلا سود قرضوں، تنخواہوں میں اضافے اور مجموعی طور پر زرعی شعبے میں قابل ذکر اقدامات ہیں، کاروبار کے لئے بجٹ میں برقرار رکھے ہوئے توازن کی عکاسی اور ڈیوٹی وقفوں کی شکل میں مختلف اقدامات قابل تعریف ہیں۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بجٹ میں بہت سارے دوسرے مثبتات کے درمیان ماحولیات اور پائیدار ترقی کے مقاصد پر بھی توجہ مرکوز کرنا قابل ستائش ہے، یہ نیا پاکستان ہے جس کا تصور ہمارے وزیر اعظم عمران خان نے دیا ہے۔