ٹرین حادثہ: معلومات فراہمی کیلئے خصوصی ٹیلی فون نمبرز کا اجرا

Published On 07 June,2021 04:23 pm

سکھر: (دنیا نیوز) ریلوے نے مسافروں کے خاندانوں اور رشتہ داروں کو معلومات کے حصول میں سہولت دینے کیلئے خصوصی ٹیلی فون نمبرز جاری کئے ہیں، یہ ٹیلی فون نمبر یہ ہیں۔


روہڑی: 051-9200488051-9270834

سکھر کیلئے: 071-5813433071-9310087

وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی میں ریلوے کے المناک حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے کے حفاظتی نظام میں خرابی کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ گھوٹکی میں صبح سویرے ریلوے کے المناک حادثے پر انہیں دلی رنج ہوا جس میں 30 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے کو جائے حادثہ پرپہنچنے، زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کی دلجوئی کرنے کی ہدایت کی ہے اور ریلوے کے حفاظتی نظام میں نقائص کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج صبح ٹرین کو گھوٹکی کےمقام پر پیش آنے والےہولناک حادثے اور اس کے نتیجے میں 30 مسافروں کی اموات پربےحد رنجیدہ ہوں۔ وزیر ریلوےکو جائےحادثہ پر پہنچنے، زخمیوں کیلئے مکمل طبی امداد کا اہتمام یقینی بنانے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ریلوے کے حفاظتی نظام میں نقائص کی نشاندہی کیلئے جامع تحقیقات کے احکامات بھی صادر کر رہا ہوں۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری ایک بیان میں صدر مملکت نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔