اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا سے بچاؤ کے لئے این سی او سی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا۔ 19 سال سے زائد عمر کے افراد کی بھی کل سے کورونا ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن شر وع ہو جائے گی۔
این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی صدارت میں ہوا، جس میں اب تک چاروں صوبوں میں ہونے والی ویکسی نیشن اور رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
In today s NCOC meeting we decided to open up vaccination registration for all 19 years and above. This registration will start from tomorrow. So now registration will be open for the entire national population which is approved by health experts for covid vaccination
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 26, 2021
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی اوسی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں 19 سال سے زیادہ عمر کے افراد کیلئے کل سے ویکسی نیشن رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، اب تمام آبادی کے لئے رجسٹریشن اوپن ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 65 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 465 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 8 ہزار 576 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 724 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 36 ہزار 315، سندھ میں 3 لاکھ 11 ہزار 766، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 30 ہزار 644، بلوچستان میں 24 ہزار 733، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 516، اسلام آباد میں 80 ہزار 662 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 940 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 29 لاکھ 43 ہزار 620 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 76 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 27 ہزار 843 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 242 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار 465 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 875، سندھ میں 4 ہزار 942، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 990، اسلام آباد میں 748، بلوچستان میں 271، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 532 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔