اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور وزار ت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت کے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا وائرس کی حفاظتی ویکسین لگانے کی منظوری دیدی ہے۔
وزارت قومی صحت کے فیصلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے 18 سال سے زائد عمر کی 12 لاکھ آبادی کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اور وزارت قومی صحت کے احکامات پر وفاقی دارالحکومت کے سٹیزن فرینڈشپ سینٹر ایف نائن پارک میں ماس سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا باقاعدہ آغاز آئندہ ہفتے کر دیا جائے گا۔ ماس سینٹر میں 70 ویکسی نیشن کاﺅنٹر بنائے جائیں گے اور 100 سے زائد ویکسینیٹرز اور ہیلتھ ورکرز ڈیوٹی دینگے۔
وفاقی دارالحکومت میں ایک اور ماس سینٹر کھولنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ تاحال اسلام آباد میں قائم 20 ویکسی نیشن سینٹرز پر روزانہ 20 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کی صلاحیت حاصل کر لی گئی ہے۔
دو ماہ میں یہاں کے تمام شہریوں کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ ڈاکٹر زعیم ضیا نے کہا کہ ابھی تک کوئی ویکسین 18 سال سے کم عمر بچوں کیلئے نہیں ہے۔