شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیدی

Published On 24 May,2021 11:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو حکومت مخالف اتحاد (پی ڈی ایم) میں ایک مرتبہ پھر شمولیت کی دعوت دیدی ہے۔

تفصیل کے مطابق قومی اسمبل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو عشائیہ دیا جس میں عشائیہ میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس خصوصی عشائیے میں پی پی پی اور اے این پی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کی خاطر موجودہ حکومت کے خلاف مل کر چلنا ضروری ہے۔ بجٹ سیشن میں حکومت کو ٹف ٹائم دیا جانا چاہیے۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو ایک دوسرے کے خلاف الزامات کی بجائے حکومتی ناکامیوں کو اجاگر کرنا چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اسعد محمود نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بھرپور احتجاجی تحریک وقت کی ضرورت ہے۔