کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے اعلان لاتعلقی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام عہدوں سے استعفے فضل الرحمان کی رہائش گاہ پرپہنچا دیئے۔
پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم عہدوں سے استعفوں کا معاملہ، چیئرمین بلاول بھٹو کی تحریری منظوری کے بعد پیپلز پارٹی نے استعفے مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر بھجوا دیئے۔، سیکرٹری جنرل سید نیئر بخاری، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ کے استعفے لے کر گئے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی سے ووٹ لینے پر پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا، پیپلز پارٹی نے نوٹس کے رد عمل میں پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اپوزیشن اتحاد کی اہم جماعت نون لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم سے علیحدگی کے اعلان سے متعلق کہنا تھا کہ جو جماعت اتحاد کا اعتماد کھو بیٹھے، میری نظر میں اس کیلئے کوئی گنجائش نہیں، فیصلہ پی ڈی ایم جماعتیں کریں گی۔ جو جماعت اتحاد میں نہیں رہنا چاہتی تو پھر ان کا اپنا راستہ ہے اور ہمارا اپنا راستہ ہے، ہمارا مقصد نظام کی تبدیلی ہے۔