فلسطین امن سفارتی مشن،وزیرخارجہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن روانہ

Published On 23 May,2021 04:22 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، فلسطین امن سفارتی مشن، کے حوالے سے دورہ نیویارک مکمل کرنے کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ نے فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر مسلم امہ اور مختلف علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے اور انہیں نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی روک تھام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی دعوت دی۔

فلسطین کے حوالے سے او آئی سی وزرائے خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے موقف کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ فلسطین امن سفارتی مشن پر ترکی روانہ ہوئے۔ انہوں نے ترکی میں ایک مختصر قیام کے دوران ترک وزیر خارجہ اور ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقاتیں کیں۔

وزیر خارجہ، ترک، فلسطین اور تیونس کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک پہنچے جہاں انہوں نے 20 مئی کو جنرل اسمبلی میں خطاب کیا اور دل گرفتہ پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی۔

انہوں نے دورہ نیویارک کے دوران اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں سعودی عرب، کویت اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس، سلامتی کونسل کے صدر ایمبیسڈر ژانگ جُن اور جنرل اسمبلی کے صدر والکن بوذکر سے ملاقات کی اور مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں سعودی عرب، قطر، کویت ،فلسطین، ترکی ،اردن، الجیریا تیونس،اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے نیویارک میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مختلف امریکی اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹرز سے بھی رابطے کیے۔