لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے۔ شہر شہر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ ریلیوں میں زندگی کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ شرکا نے دنیا سے فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب میں جہاں اسرائیلی فورسز کے مظالم کی مذمت کی وہیں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔
پنجاب اسمبلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان فلسطینی جھنڈے لے کر ایوان میں پہنچے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف متفقہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم سب فلسطین ہیں، سیز فائر ہونا کامیابی ہے، حقوق ملنے تک ہم آپ کے ساتھ ہیں، پاکستان کا ہر فرد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے۔
پریس کلب لاہور کے باہر آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کی جانب سے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد نے کی۔ شرکا نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
فیصل آباد میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔
سرگودھا اور شیخوپورہ میں نکالی گئی ریلیوں میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بہاولپور میں بھی ریلی نکالی گئی جس میں کثیر تعداد میں شہری شریک ہوئے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔ وہاڑی اور نوشہرو فیروز میں بھی صیہونی فورسز کے مظالم کے خلاف بھر پور آواز اٹھائی گئی۔ ریلیوں کے شرکا نے دنیا پر اسرائیلی مظالم رکوانے پر زور دیا۔
صوابی اور کرک میں بھی سرائیلی مظالم کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور شدید نعرے بازی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ جہانیاں، لیاقت پور، ساہیوال، نواب شاہ، لاڑکانہ، کندیاں، احمد پور شرقیہ، روجھان، کشمور، ظاہر پیر، قصور، ڈیرہ بگٹی اور مریدکے میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔