تل ابیب: (نیوز ڈیسک) اسرائیل کے ایک موقر اخبار نے غزہ کے نہتے فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے فوجی آپریشن کو بے معنی اور ناکام ترین قرار دے دیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ہیرٹس نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ غزہ آپریشن نے ہماری فوج کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کی ذمہ داری کسی اور پر نہیں بلکہ قومی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
اخبار نے لکھا کہ ’’آپریشن گارڈین آف دی والز‘‘ اسرائیل کا ناکام ترین اور بے معنی سرحدی جنگ بن چکا ہے۔ ہماری قیادت بے بس اور کنفیوژن کا شکار ہو چکی ہے۔
ہیرٹس نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ صرف اپنے عہدے کو بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں حالانکہ ان کے پاس کوئی واضح سیاسی طاقت ہی موجود نہیں ہے۔
اسرائیلی اخبار نے تسلیم کیا ہے کہ یہ ہمارے خفیہ اداروں کی ناکامی ہے کہ وہ حماس کی صلاحیتوں کو نہیں سمجھ پائی۔ اگرچہ اسرائیلی فضائیہ نے اس کے کئی اہداف کو تباہ کیا لیکن اسے دوبارہ تعمیر کر لیا جائے گا۔