سپیکر قومی اسمبلی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، فلسطین کی صورتحال پر گفتگو

Published On 18 May,2021 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کیخلاف کارروائیاں فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کو فوری بند کیا جائے۔ فلسطین میں نہتے شہریوں پر اسرائیلی جارحیت انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہےجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے اسلامی ممالک کو فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی حالیہ صورتحال عالم اسلام کے مابین اتحاد و یگانگت کی متقاضی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اسرائیلی ظلم اور بربریت کے خلاف او آئی سی ممالک کو خطوط لکھے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی نے 17 مئی کو اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کی ہے جس میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی جارحیت پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کی خاموشی حیرت انگیز اور نا قابل فہم قرار دی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کا مسلم ممالک میں کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کے مابین اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے فروغ کے لئے مسلم ممالک کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔


سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ہم منصب کو اقتصادی تعاون تنطیم کی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی جو مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔

ایرانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے فلسطین کے معاملے پر مسلم ممالک میں اتحاد کی اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلیمین وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی میں عالم اسلام کی کامیابی کا راز مضر ہے۔

انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایران فلسطین سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اب وقت اس بات کا تقاضا کر رہا کہ مسلم ممالک اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل اپنائیں۔انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف منظور کی جانے والی مقفقہ قرارداد کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دیگر اسلامی ممالک کی پارلیمان بھی اسرئیلی جارحیت کے خلاف اس طرز عمل کو اپنائیں گئیں۔