قائداعظم فلسطین بارے پالیسی کے معمار، وزیراعظم اس کے امین ہیں:فوادچودھری

Published On 18 May,2021 05:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پالیسی کی بنیاد رکھی، اب وزیراعظم عمران خان اس کے امین ہیں۔

تفصیل کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کو درپیش طبی ہنگامی صورتحال کے تناظر میں فلسطین کو انسانی بنیادوں پر طبی امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ آج اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ بعد میں کابینہ کے اجلاس کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلسطین کے مسئلے پر روز اول سے امت مسلمہ کو قیادت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں پاکستان کی پالیسی کی بنیاد رکھی اور اب عمران خان اس کے امین ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ کو راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے منصوبے میں تبدیلی کی گئی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اب تک کی تحقیقات سے یہ پتا چلا ہے کہ کوئی وزیر یا مشیر اس میں ملوث نہیں ہے۔ زلفی بخاری اعلیٰ اخلاقی بنیاد پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہو گئے، اگرچہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان کی بھی اس علاقے میں کوئی زمین نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کہا کہ حکومت انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کی غرض سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز متعارف کرانے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حزب اختلاف انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کا حق دینے کے حوالے سے اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔