کراچی: (دنیا نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے کہا ہے کہ عمران خان آئی ایم ایف ڈیل پر ہماری بات مان لیتےتومعیشت یوں تباہ نہ ہوتی، ڈیل میں اپنی غلطی تسلیم کرنا کافی نہیں، قوم سے معافی مانگیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں ہونےوالی مہنگائی کی وجہ عمران خان کےغلط فیصلے ہیں، وہ کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں، پہلے انہوں نےآئی ایم ایف معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کر کےغلط ڈیل کا دفاع کیا، بعد میں اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان غلطیاں کرتےہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں ، پھر یہ وہی غلطیاں دہراتے ہیں۔ یہ ملک ہے کوئی کلاس روم نہیں۔ عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر مزید ٹیکس کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کیا۔ آئی ایم ایف کےتنخواہ دارملازموں کوعوام کےفیصلے نہیں کرنے دیں گے۔