سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کو بینظیر مزدورکارڈ دیں گے:بلاول بھٹو زرداری

Published On 01 May,2021 07:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کوبے نظیرمزدورکارڈ دیں گے۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ بھٹوشہید نے مزدوروں کوحقوق دلوائے،ای اوبی آئی سمیت تمام منصوبے شہید بھٹونے دیئے۔ پیپلزپارٹی نے سب سے پہلے لیبرپالیسی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت پرخوشی ہے۔ کورونا کی وجہ سے تقریب کومحدود رکھا گیا۔ مزدورکارڈ سے سندھ کے مزدوروں کوفائدہ ہوگا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ معیشت پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحت چل رہی ہے۔ آج ملک میں تاریخی مہنگائی،بے روزگاری ہے۔ نااہل حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈیل میں عوامی مفاد کوسامنے نہیں رکھا، آج لیبرڈے پرہم نے مزدورکارڈ جاری کرکے اپنے منشورپرعمل کیا۔

پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ بینظیرمزدورکارڈ تاریخی کامیابی ہے، پیپلزپارٹی کوفخرہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی، مزدوربچوں کوایجوکیشن نہ دلانے پرپریشان ہے، جب مزدورخوش ہوگا تومعیشت بہترہوگی، مزدوروں کوان کا حق دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کوبے نظیرمزدورکارڈ دیں گے، مزدوروں کواپنے آپ کو رجسٹرٖڈ کروانا چاہیے، مزدوروں کی رجسٹریشن نہ ہونے سے بہت سارے ٹرانسپرنسی کے بھی ایشوزہے، ایجوکیشن، ہیلتھ کی سہولیات محنت کشوں کا حق ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیرمزدورکارڈ سے مزدوروں کی مشکلات کم ہوں گی۔ شہید بھٹوکے سفرکوآگے لیکرجانا چاہتے ہیں، آج ہم بے نظیرمزدورکارڈ لانچ کررہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہردورمیں روزگارکے مواقع دیئے، بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے غریب خواتین کومدد مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرف کی آمریت میں لوگوں کوبے روزگارکردیا گیا، پیپلزپارٹی نے مزدورکوطاقت وربنایا، اٹھارویں ترامیم،آئین کی بحالی پیپلزپارٹی کی اہم کامیابیاں ہیں۔