صوبہ پنجاب میں کورونا وبا کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

Published On 02 May,2021 08:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وبا کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔

اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 1770 رہی جبکہ اس دوران لاہور میں 23 افراد کے جاں بحق ہونے کی رپورٹس موصول ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں انفیکشن ریٹ کافی حد تک کم ہو چکا ہے اور مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 23 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد پر آ گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے عیدالفطر سادگی سے منانے اور چھٹیوں میں احتیاط کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کی صورت میں مثبت کیسز کی شرح مزید کم ہو جائے گی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ لاہور میں اس وقت 30 مقامات پرسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے اور شہر میں ہر طرح کے سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس وقت ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں 600 بستر اور 20 وینٹی لیٹر استعمال ہو رہے ہیں جبکہ لاہور میں مزید 50 وینٹی لیٹرز شامل کیے گئے ہیں۔

کورونا ویکسین کے حوالے سے وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب اس وقت ویکسینیشن لگانے میں سب سے آگے ہے۔ ہفتے کو 78 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔ این سی او سی نے ہمیں ٹارگٹ دیا ہے کہ روز 80 ہزار لوگوں کو ویکسین لگائی جائے۔