جسٹس فائز عیسیٰ کیس: بلاول کا صدرمملکت اور وزیرقانون سےمستعفی ہونےکا مطالبہ

Published On 30 April,2021 04:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس قاضی فائز عیسی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد صدر مملکت عارف علوی اور وزیر قانون فروغ نسیم کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ معزز جج کی کردار کشی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے این اے 249 میں فتح پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے متعدد بار کامیابی چھینی گئی لیکن کراچی والوں نے سلیکٹڈ حکومت کو مسترد کردیا۔ پاکستان کی سیاست جمہوری قوتوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کےعوام نے ہمیں تاریخی کامیابی دلائی اور ثابت کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ نہیں ہیں۔ عوام نے نااہل حکومت کو پیغام دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل کی جیت سیاست میں نئے رخ کا ثبوت ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی مسائل حل کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔ سب جانتے ہیں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ دھاندلی کس جماعت نے کی۔ الزام ثابت نہیں کیا جا سکتا کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی۔ شاہد خاقان، محمد زبیر اور مفتاح اسماعیل آر او دفتر میں موجود تھے۔